رابعہ انعم نے ایمان علی کو بے وقوف قرار دیدیا

سابق نیوز کاسٹر اور ٹی وی میزبان رابعہ انعم نے اداکارہ ایمان علی کو خود کو ’مخنث‘ شخص جیسا قرار دینے پر انہیں ’بے وقوف‘ قرار دیتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے اداکاروں کو خاموش کروائیں۔

ایمان علی نے چند دن قبل واسع چوہدری کے پروگرام ’گھبرانا منع ہے‘ میں شرکت کی تھی، جہاں انہوں نے کہا تھا کہ انہیں لگتا ہے کہ ان کا چہرہ ’خواجہ سرا‘ جیسا ہے۔

ایمان علی نے مذکورہ پروگرام میں بتایا تھا کہ انہوں نے محب وطن ہونے کی وجہ سے ماضی میں بھارت میں کام کرنے سے انکار کیا جب کہ مرد حضرات کے کرداروں کو اہم کرنے پر انہوں نے متعدد پاکستانی فلموں میں بھی کام سے معذرت کی۔

مذکورہ پروگرام میں ایمان علی نے اپنے کیریئر اور ازدواجی زندگی پر بھی کھل کر بات کی تھی جب کہ انہوں نے اپنی خوبصورتی سے متعلق دوسرے لوگوں کی جانب سے تعریفیں کیے جانے پر بھی بات کی تھی۔

ایمان علی کا کہنا تھا کہ اگرچہ بہت سارے لوگ انہیں خوبصورت قرار دیتے ہوئے ان کی تعریفیں بھی کرتے ہیں، تاہم وہ اپنی خوبصورتی اور چہرے سے مطمئن نہیں۔

 

ایمان علی نے بتایا تھا کہ انہیں محسوس ہوتا ہے کہ وہ خوبصورت نہیں ہیں اور ان کا چہرہ ہر وقت سیلفی نکالنے جیسا نہیں۔

ایمان علی کے مطابق وہ جب بھی سیلفی نکالنے کی کوشش کرتی ہیں، تب انہیں محسوس ہوتا ہے کہ ان کی شکل کسی ’مخنث‘ شخص جیسی ہے، اس لیے وہ سیلفی نہیں نکالتیں۔

اداکارہ کی جانب سے خود کو ’خواجہ سرا‘ جیسا قرار دیے جانے پر اب ٹی وی میزبان رابعہ انعم نے ان پر تنقید کرتے ہوئے انہیں ’بے وقوف‘ قرار دیا ہے۔

رابعہ انعم نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ’کوئی ان بے وقوف اداکاروں کو خاموش کرائے، وہ آئے روز انتہا درجے کی بے وقوفی کی باتیں کرتے ہیں‘۔

رابعہ انعم نے لکھا کہ اب ایمان علی کو لگتا ہے کہ ’خسرا یا خواجہ سرا‘ کا لفظ استعمال کرنا انتہائی خوشگوار احساس ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ ایسے لوگ ٹی وی شوز میں پیسوں کے عوض شرکت کرتے ہیں۔