کراچی: اداکارہ منال خان اور احسن محسن اکرام کی منگنی ہوگئی۔
اداکارہ منال خان اور ان کے قریبی دوست احسن محسن اکرام نے منگنی کرلی۔
منگنی کی باقاعدہ تقریب گزشتہ روز منعقد کی گئی جس میں دونوں کے خاندانوں سمیت متعدد شوبز شخصیات نے شرکت کی۔
اپنی زندگی کے اس خوبصورت موقع پر منال خان نے ہلکے سبز کا لباس زیب تن کیا تھا جب کہ احسن محسن اکرام اس موقع پر سفید لباس میں نظر آئے۔
منگنی کی تقریب میں منال خان کی بہن اداکارہ ایمن خان اور ان کے شوہر اداکار منیب بٹ بھی شریک ہوئے اور اپنی بہن کی منگنی میں ایمن خان بھی بہت خوبصورت نظر آئیں۔ ایمن خان کے علاوہ اداکارہ و ماڈل آمنہ الیاس، اداکارہ کنزیٰ ہاشمی و دیگر فنکار بھی اس موقع پر نہایت خوش نظر آئے۔
احسن محسن اکرام نے تقریب کے دوران گھٹنوں پر بیٹھ کر منال خان کو سب کے سامنے منگنی کی انگوٹھی پہنائی۔
منال خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی اور احسن کی منگنی کی انگوٹھیوں کی تصویر شیئر کی اور احسن محسن نے بھی اپنے انسٹا پر اپنی اور منال کی منگنی کی تصاویر شیئر کیں۔
واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل منال خان اور احسن محسن اکرام نے اپنی ’بات پکی‘ ہونے کی خوشخبری صارفین کے ساتھ شیئر کی تھی۔ تاہم دونوں کی شادی کی تاریخ فی الحال منظرعام پر نہیں آئی ہے۔