کومل عزیز کا نوجوانوں کو مشورہ

عشق بے نام، بساط دل، بھروسہ پیار تیرا، راز الفت اور سہیلیاں‘ جیسے ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ کومل عزیز نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی پرورش کپڑوں کے دو جوڑوں کے ساتھ ہوئی مگر آج وہ کپڑوں کے برانڈ کی مالک ہیں۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر مداحوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے زندگی میں بہت ساری مشکلات کا سامنا کیا، کیوں کہ وہ والد کے جلد فوت ہوجانے اور بغیر بھائی کے پلی بڑھیں۔

اداکارہ نے ایک مداح کی جانب سے اپنی مضبوطی سے متعلق پوچھے جانے پر کہا کہ بہت ساری مشکلات جھیلنے اور غربت کی وجہ سے اچھی تعلیم نہ حاصل کرپانے کے باوجود کامیابی حاصل کرنے کی وجہ سے وہ مضبوط بنیں۔

ایک سوال کے جواب میں کومل عزیز خان نے کہا کہ وہ کسی بھی پاکستانی اداکار سے متاثر نہیں ہیں، کیوں کہ زیادہ تر اداکار پیسے بنانے اور کمانے کی ترغیب دیتے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ وہ عبدالستار ایدھی اور ادیب رضوی جیسی انسانیت کی خدمت کرنے والی شخصیات سے متاثر ہیں، جو دکھاوے کے بغیر فلاحی کام کرتے ہیں۔

کومل عزیز خان نے کیریئر بنانے کے حوالے سے تجویز مانگنے پر نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ اگر ان کے پاس پیسے ہیں تو وہ بیرون ملک سے تعلیم حاصل کریں اور اگر ان کے پاس پیسے کی کمی ہے تو وہ ملکی یونیورسٹیز سے بہتر تعلیم حاصل کریں اور کوشش کرکے بہت زیادہ انٹرن شپس حاصل کرکے تجربہ حاصل کریں۔

اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں دعویٰ کیا کہ جب وہ 15 برس کی تھیں تب سے ہی انہوں نے کاروبار کی تربیت لینا شروع کی تھی اور محض 18 سال کی عمر میں انہوں نے سونے میں سرمایہ کاری کرنا شروع کی۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے پاکستان سمیت امریکا سے بھی بزنس کی تعلیم حاصل کی اور بزنس پر لکھی بہت ساری کتابیں بھی پڑھیں اور کاروبار کرنا ان کا سب سے بڑا جذبہ (پیشن) ہے۔

کومل عزیز خان نے نوجوان لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ انہیں تعلیم اور تربیت حاصل کرنے کے بعد پہلے مالی طور پر خود مختار ہونا چاہیے، جس کے بعد وہ اپنی جسمانی اور ذہنی صحت کا بھی خیال رکھیں۔