مبئی: بالی ووڈ گلوکار ابھیجیت نے شاہ رخ خان کے لیے بطور پلے بیک گلوکاری نہ کرنے کی وجہ بتادی۔
مشہور بالی ووڈ گلوکار ابھیجیت بھٹاچاریا کا شمار ان چند گلوکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی آواز کے جادو سے بھارتی فلموں کے رومانوی گیتوں کو حقیقت سے مزید قریب کردیا، ان کی مدھر آواز میں مداح بھی ایسے کھوئے کہ وہ فلم میں ابھیجیت کی گانے کی آواز کو ہی ہیرو کی آواز سمجھ بیٹھے۔
بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی زیادہ تر فلمز میں رومانوی گانے بھی ابھیجیت نے ہی گائے جس نے فلم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا لیکن 2007 میں فلم ’اوم شانتی اوم‘ میں پلے بیک سنگر کے طور پر فرائض انجام دینے والے ابھیجیت نے اچانک شاہ رخ خان کے لیے گانے سے انکار کردیا، ابھیجیت نے ایسا کیوں کیا اس کی وجہ اس وقت تو سامنے نہیں آسکی تاہم اب گلوکار نے اس راز سے پردہ اٹھادیا ہے۔
ایک انٹریو میں گلوکار نے کہا کہ مجھے شاہ رخ خان سے کوئی مسئلہ نہیں تاہم میں نے ایسا کچھ ہدایت کاروں کی وجہ سے کیا تھا، کچھ افراد مجھے اور کنگ خان کو ساتھ نہیں دیکھنا چاہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ میں اب بھی شاہ رخ خان کے لیے گانا چاہتا ہوں تاہم مجھے نہیں پتہ کہ اب میری آواز شاہ رخ پر کیسی لگے گی، کیوں کہ یہ ایک کرشمہ ہے کہ میری آواز جیسے پہلے تھی آج بھی ویسے ہی ہے۔
ابھیجیت بھٹاچاریا نے کہا کہ جب میں ملک سے باہر پرفارم کرتا ہوں تو بہت سے لوگوں کو لگتا ہے کہ میں شاہ رخ خان کی آواز میں گانا گارہا ہوں کیوں کہ وہ نہیں جانتے کہ فلم میں پلے بیک گلوکاری ہوتی ہے اور یہ میری آواز ہے۔