سلمان خان کی مداح نہیں تھی ، ارجمند رحیم

سینئر اداکارہ  و ہدایتکارہ ارجمند رحیم نے بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کی مہمان نواز اور رویے کی تعریف کی ہے۔

اداکارہ ارجمند رحیم حال ہی میں ایک ویب شو میں جلوہ گر ہوئیں اور دوران شو اپنی تعلیم اور کیرئیر کے حوالے سے گفتگو کی۔

اداکارہ نے بتایا کہ میں بھارت کے شہر دہلی ڈانس کلاسز کے لیے گئی تھی لیکن جب وہ کورس ختم ہوا اور کراچی واپس آنا تھا تو اتنا مزہ آرہا تھا کہ پاکستان آنے کا دل نہیں کررہا تھا جس کی وجہ سے اداکاری کے لیے بھی کلاسز لینا شروع کردیں۔

بھارت میں گزرے لمحات پر گفتگو کرتے ہوئے ارجمند کا کہنا تھا کہ ہدایتکار امتیاز علی اور انوراگ کشف میرے اچھے دوست تھے اور ہم شام کی چائے ساتھ بیٹھ کرپیتے تھے لیکن یہ وہ وقت تھا جب یہ شخصیات بہت مشہور نہیں تھیں۔

انہوں نے کہا کہ انوراگ اور امتیاز علی ایک شام مجھے سلمان خان کے گھر رات کے کھانے پر بھی لے گئے، میں اس وقت پرجوش تھی لیکن سلمان خان کی بہت بڑی مداح نہیں تھی اور یہی وجہ تھی کہ میں نے ان کے ساتھ تصویر بھی نہیں لی تاہم ان کی اپنائیت نے میرا دل جیت لیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ دیر ہوجانے کی وجہ کھانا کھائے بنا ہی واپس آنا چاہتی تھی لیکن سلمان خان نے نہیں آنے دیا اور مجھے اپنے پسندیدہ ریسٹورینٹ کا کھانا منگواکر کھلایا۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ اس دوران  اداکار جیکی شروف سے بھی اچھی دوستی ہوگئی تھی اور  انہوں نے ممبئی میں گھر ڈھونڈنے میں مدد بھی کی، ممبئی میں اپارٹمنٹ ڈھونڈنا بہت مشکل ہوتا ہے تو جیکی شروف نے مجھے گھر ڈھونڈنے میں بھی مدد کی،جیکی اور سلمان سے ملنے کے بعد دونوں کی مداح ہوگئی تھی۔