ممبئی: فلم ’دبنگ‘ کے اداکار سلمان خان کا کہنا ہے کہ ماضی میں مجھ سے بہت سی غلطیاں سرزد ہوئیں ہیں۔
سلمان خان نے یہ بات معروف اداکار کبیر بیدی کے ساتھ ویڈیو کال پر ان کی خود نوشت ’اسٹوریز آئی مسٹ ٹیل‘ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہی۔ کبیر بیدی نے اداکار سے کہا کہ میں نے اپنی کتاب میں وہ تمام باتیں اور واقعات تحریر کر دیے جو میری زندگی میں پیش آئے، میں نے اپنی ان غلطیوں کے بارے میں بھی لکھا ہے جو مجھ سے سرزد ہوئیں، امید ہے پڑھنے والے ان غلطیوں اور واقعات سے بہت کچھ سیکھ سکیں گے۔
خود نوشت پر گفتگو کرتے ہوئے اداکار سلمان خان نے کہا کہ زندگی میں سب سے زیادہ مشکل کام اپنی غلطی کو تسلیم کرنا ہوتا ہے، ہر کوئی غلطی کر کے مُکر جاتا ہے، میں وہ شخص ہوں جو بلاجھجک اپنی غلطی کو تسلیم کرتا ہوں، میں نے ماضی میں بہت سی غلطیاں کیں اور انہیں ٹھیک بھی کیا، اگر ہم اپنی غلطیاں تسلیم کرلیں تو اس سے بہت ہمت ملے گی، میں نے جب بھی غلطی کی فوراً اس پر معذرت بھی کی، غلطیاں سب سے ہوتی ہیں لیکن انہیں دہرانا ٹھیک نہیں۔
سچائی پر بات کرتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ جب آپ کتاب لکھتے ہیں تو آپ کو خود کے اندر جھانکنے کا موقع ملتا ہے، کتاب لکھتے وقت یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ کیا لکھوں اور کیا نہیں، آپ کو صرف یہ سوچنا چاہیے کہ جو بھی میں لکھ رہا ہوں وہ سچ ہے۔
اس بات کے جواب میں کبیر بیدی نے کہا کہ یہ وہ مرحلہ تھا جس سے میں گزر چکا، میں نے خود نوشت میں ہر چیز کھل کر لکھی جس میں میرا کیریئر، میری کامیابیاں و ناکامیاں، میرا پیار اور کچھ رشتے بھی شامل ہیں۔
سلمان خان نے مسکراتے ہوئے کہا کہ یہ سب وہیں چیزیں جن سے مجھے بھی سیکھنے کے لیے بہت کچھ ملے گا۔