بالی ووڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان اور ان کی اہلیہ کرن راؤ کی علیحدگی کی وجہ قرار دی جانے والی اداکارہ فاطمہ ثناء شیخ کا بھی بیان سامنے آ گیا۔
عامر اور کرن کی جانب سے علیحدگی کی تصدیق کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر نوجوان اداکارہ فاطمہ ثناء شیخ کو ان کی شادی ٹوٹنے کی وجہ قرار دیا جارہا تھا۔
فاطمہ نے ان الزامات کی تردید کرتے ہے کہا ہے کہ ان خبروں نے انہیں بہت تکلیف پہنچائی ہے کیونکہ اس طرح کے معاملات کا انہوں نے اتنے بڑے لیول پرپہلے کبھی سامنا نہیں کیا۔
فاطمہ کے مطابق بہت سے لوگ جن سے ان کی آج تک کبھی ملاقات بھی نہیں ہوئی وہ بھی اس طرح کی باتیں لکھ رہے ہیں لیکن انہیں بالکل نہیں معلوم کہ سچائی کیا ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ جب لوگ ایسی خبریں پڑھتے ہیں تو اُنہیں لگتا ہے کہ میں اچھی انسان نہیں ہوں ۔
اداکارہ نے کہا کہ میں نہیں چاہتی کہ لوگ غلط سوچیں مگر اب میں نے ایسی باتوں کو نظر انداز کرنا سیکھ لیا ہے مگر اب بھی کبھی کبھی ایسی باتیں مجھے دکھ پہنچاتی ہیں۔
یاد رہے فاطمہ ثناء شیخ نے عامر خان کے ساتھ فلم ’دنگل‘ اور ٹھگس آف ہندوستان‘ میں معاون اداکارہ کا کردار نبھایا تھا۔