طلاق کے بعد عامر خان اور کرن راؤ کا ہاتھ تھامے پہلا ویڈیو بیان

ممبئیطلاق کے اعلان کے بعد بالی ووڈ ادکار عامر خان  اور ان کی سابق اہلیہ کرن راؤ کا پہلا ویڈیو بیان سامنے آگیا۔

بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان اور ان کی سابق بیوی کرن راؤ  کا طلاق کے اعلان کے بعد اپنے مداحوں کے لیے ویڈیو پیغام سامنے آیا ہے۔ جس میں غیر متوقع طور پر دونوں کافی خوش نظر آرہے ہیں اوردونوں نے ایک دوسرے کا ہاتھ بھی تھاما ہو اہے۔

بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عامر خان اور کرن راؤ اپنے مداحوں سے کافی خوشگوار موڈ میں کہتے نظر آرہے ہیں کہ ہماری طلاق کی خبر سن کر تو آپ لوگوں کو دکھ بھی ہوا ہوگا، اچھا نہیں لگاہوگا، شاک (صدمہ) لگا ہوگا۔

انہوں نے کہا ہم بس اتنا آپ کو کہنا چاہتے ہیں کہ ہم دونوں بہت خوش ہیں اور علیحدگی کے باوجود ہم ایک ہی پریوار (خاندان) ہیں۔ ہمارے رشتے میں تبدیلی آئی ہے، لیکن ہم لوگ ایک دوسرے کے ساتھ ہی ہیں۔ تو آپ لوگ ایسا کبھی مت سوچئے گا۔

عامر خان نے مزید کہا کہ وہ اور ان کی سابق اہلیہ کرن راؤ اپنے غیر منافع بخش فلاحی ادارے ’’پانی‘‘ کو  اپنے بچے کی طرح  دیکھتے ہیں۔ اور پانی فاؤنڈیشن ہمارے لیے آزاد  کی طرح ہے۔ جو ہمارا بچہ ہے آزاد ویسے ہی پانی فاؤنڈیشن ہے۔ تو ہم لوگ ہمیشہ فیملی ہی رہیں گے۔ ہمارے لیے آپ لوگ دعا کریں کہ ہم خوش رہیں، بس یہی کہنا تھا ہم لوگوں کو۔

واضح رہے کہ عامر خان اور ان کی دوسری اہلیہ کرن راؤ نے گزشتہ روز شادی کے 15 سال بعد علیحدگی کا اعلان کرکے اپنے چاہنے والوں کو حیرت میں مبتلا کردیا تھا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے باہمی رضامندی سے اپنی شادی ختم کی ہے اور وہ دونوں اپنے بیٹے آزاد کی پرورش مل کر کریں گے۔