دلیپ کمار کے اثاثوں کی تفصیلات

برصغیر کے نامور اداکار دلیپ کمار 98 سال کی عمر میں انتقال کر گئے جس کے بعد انہیں ممبئی کے ایک قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔

دلیپ کمار  ممبئی کے انتہائی مہنگے علاقے باندرا میں اپنی اہلیہ سائرہ بانو کے ساتھ رہتے تھے اور میڈیا رپورٹس کے مطابق  دلیپ کمار کے کل اثاثوں کی مالیت 85 ملین ڈالر یعنی تقریباً 13 ارب روپے پاکستانی کے لگ بھگ تھی۔

دلیپ کمار کا سب سے بڑا ذریعہ آمدن اداکاری ہی تھی جب کہ وہ 2002 سے 2006 بھارت کے ایوان بالا یعنی راجیہ سبھا کے رکن بھی رہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 1950 کی دہائی میں عظیم اداکار بھارتی فلم انڈسٹری کی پہلی شخصیت تھے جنہوں نے فلم میں اداکاری کرنے کا معاوضہ ایک لاکھ روپے سے زائد وصول کیا۔

خیال رہے کہ عظیم اداکار یوسف خان عرف ’دلیپ کمار‘ نے اپنے کامیاب فلمی کیریئر کا آغاز 1944 میں 'جوار بھاٹا' کے ساتھ کیا تھا تاہم ان کی مشہور فلموں میں آن، دیوداس، آزاد، مغل اعظم، گنگا جمنا، انقلاب، شکتی، کرما، نیا دور، مسافر، مدھومتی، دل دیا درد لیا، مزدور، لیڈر، جوار بھاٹا، جگنو، شہید، ندیا کے پار، میلا، داغ، دیدار، آگ کا دریا، عزت دار، داستان، دنیا، کرانتی، قانون اپنا اپنا، سوداگر جیسی مایہ ناز فلمیں شامل ہیں جو اداکار کی مقبولیت کا سبب بنیں جبکہ انہوں نے 1998 میں اپنی آخری فلم ’قلعہ‘ میں اداکاری کی۔