مادر ملت فاطمہ جناح کی 54 ویں برسی

مادر ملت فاطمہ جناح کی آج 54 ویں برسی ہے۔

مادرملت محترمہ فاطمہ جناح  قائداعظم کی دست وبازو تھیں ، ہراچھے برے حالات میں  بھائی کا ساتھ نبھایا ۔

فاطمہ جناح 30 جولائی 1893ء کو کراچی میں پیدا ہوئیں ، آپ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی اور  سب کی لاڈلی تھیں۔

قائداعظم  نے قیام پاکستان کی جدوجہد شروع کی توہرمحاذ پر ان کےشانہ بشانہ نظرآئیں۔

مادرملت محترمہ فاطمہ جناح نے تحریک پاکستان میں لازوال کردار نبھایااورمسلم خواتین میں آزادی کا جذبہ جگایا۔

قیام پاکستان کے بعد فاطمہ جناح نے مہاجرین کی آبادکاری کا مشن سنبھالا اور ویمن ریلیف کمیٹی قائم کی ،خواتین کو متحرک کرنے کیلئے پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کی بنیاد رکھی جس نے بعد میں آل پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کی شکل اختیار کی۔

قیام پاکستان کے بعد فاطمہ جناح خواتین اور ملک کی بہتری کےلئے کام کرتی رہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ ان کومادر ملت کا خطاب ملا۔

1965 میں پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد نے فاطمہ جناح کو جنرل ایوب خان کے مقابلے میں صدارتی امیدوار نامزد کیا، ڈھاکہ میں ان کے انتخابی جلسے میں ڈھائی لاکھ افراد شریک ہوئے۔

فاطمہ جناح نے ایوب خان کو ڈکٹیٹر قرار دیا ، بالواسطہ صدارتی انتخاب کے متنازعہ نتائج میں انہیں کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔

نوجولائی 1967ء کو فاطمہ جناح مختصر علالت کے بعد73 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں،انہیں کراچی میں قائد اعظم کےمزار کے احاطے میں سپردخاک کیاگیا۔

اس عظیم ہستی کو ہم سے بچھڑے 54برس بیت گئے مگر پاکستان کی آزادی میں ان کے چھوڑے گئے نقوش آج بھی تازہ ہیں۔