بولی وڈ فلمی ناقد کمال راشد خان المعروف 'کے آر کے' ان دنوں بھارتی فلم انڈسٹری سے متعلق پیش گوئیاں کرتے رہتے ہیں اور اب انہوں نے اداکارہ پریانکا چوپڑا اور نک جونس کی شادی سے متعلق کہا ہے کہ نک جونس آئندہ 10 سالوں میں اپنی اہلیہ کو طلاق دے دیں گے۔
اپنی حالیہ ٹوئٹس میں کمال آر خان نے بھارت کی مختلف شوبز اور سیاسی شخصیات سے متعلق کچھ متنازع ’پیش گوئیاں‘ کیں۔
کے آر کے نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ پاپ اسٹار نک جونس آئندہ 10 سالوں میں سابق مس ورلڈ و اداکارہ پریانکا چوپڑا کو طلاق دے دیں گے۔
تاہم کمال راشد خان کی یہ پیش گوئی ان کے حق میں اچھی ثابت نہ ہوئی اور سوشل میڈیا نے انہیں اپنے کام سے کام رکھنے اور لوگوں سے متعلق بے بنیاد تبصرے نہ کرنے کا کہا۔
ایک صارف نے کہا کہ ’آپ کو حد میں رہنا سیکھنے کی ضرورت ہے، وہ لوگ شاید جو بھی کریں لیکن آپ کو کسی کی ذاتی زندگی سے متعلق تبصرہ کرنے کا کوئی حق نہیں‘۔
ڈیوڈ نامی صارف نے کہا کہ ’یہ تھوڑا ایکسٹرا ہے، لوگوں کی ذاتی زندگیوں سے متعلق تبصرے کرنے سے باز رہیں‘۔
اسی حوالے سے ادیتیا نامی صارف نے کمال آر خان سے متعلق، انہی کے انداز میں پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ایک سال کے اندر کے آر کے کو لوگوں کی ذاتی زندگیوں سے متعلق پیش گوئیوں پر عوامی سطح پر مارا پیٹا جائے گا۔
پریانکا چوپڑا اور نک جونس کی شادی کے علاوہ کمال راشد خان نے بولی وڈ کی اسکینڈل کوئین کنگنا رناوٹ کی شادی، کرینہ کپور اور سیف علی خان کے بچوں کے مستقبل اور کانگریس کے رہنما راہول گاندھی کے وزیراعظم بننے سے متعلق بھی پیش گوئی کی۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ کرینہ کپور اور سیف علی خان کے دونوں بیٹے اپنے غلط ناموں کی وجہ سے کامیاب اداکار نہیں بن سکیں گے۔
کمال آر خان نے ایک اور پیش گوئی کی کہ راہول گاندھی، سونیا گاندھی کے انتقال کے بعد بھارت کے وزیراعظم بن جائیں گے۔
ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ’یہ اداکار بہت بڑا اسٹار بنے گا لیکن صرف اپنے والد کی موت کے بعد‘، فلمی ناقد نے اداکار اور ان کے والد کا نام نہیں بتایا۔
اپنی آخری پیش گوئی میں کمال آر خان نے کہا کہ ’اداکارہ کنگنا رناوٹ کی شادی کبھی نہیں ہوگی‘۔
بولی وڈ فلمی ناقد کمال آر خان نے حال ہی میں عامر خان اور کرن راؤ کی طلاق پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ہمیشہ یہی سوچتے تھے کہ عامر خان کو کترینہ کیف یا فاطمہ ثنا شیخ جیسی خوبصورت خاتون سے شادی کرنی چاہیے تھی اور یہ دعویٰ بھی کیا کہ سپر اسٹار کو کرن راؤ سے محبت سے متعلق جعلی بیان جاری نہیں کرنا چاہیے تھا۔
کمال راشد خان کو اپنے اس بیان پر بھی شدید تنقید کا سامنا ہوا تھا۔
اس سے قبل رواں برس مئی میں کمال راشد خان نے سلمان خان فلم ’رادھے‘ پر تبصرہ کیا تھا اور فلم کی کہانی کو کمزور قرار دیتے ہوئے دبنگ ہیرو کی ذات کو بھی نشانہ بنایا تھا۔
مال راشد خان کی جانب سے ٹوئٹس اور یوٹیوب ویڈیوز میں سخت زبان کے استعمال کے بعد ہی سلمان خان نے عدالت میں ان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا۔
مقدمہ دائر ہونے کے باوجود کمال راشد خان نے سلمان خان کے خلاف تنقیدی تبصرے جاری رکھے تھے، جس پر دبنگ ہیرو نے رواں ماہ جون کے آغاز میں عدالت میں ایک اور درخواست دائر کی تھی، جس میں انہوں نے عدالت سے ناقد کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرنے کی استدعا کی تھی۔
بعدازاں عدالت نے کمال راشد خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرنے کے بجائے عبوری حکم نامے میں انہیں سلمان خان پر تنقید کرنے سے روک دیا تھا۔