انگین آلتان ' ارتعرل ' کے بعد اب خیرالدین پاشا کے روپ میں

سلطنتِ عثمانیہ پر بننے والے تاریخی ڈرامہ سیریل ’ارطغرل غازی‘ میں مرکزی کردارادا کرنے والے معروف ترک اداکار انگین آلتان نےاپنے نئے تاریخی ڈرامہ سیریل ’بارباروس‘ کی پہلی جھلک مداحوں کے ساتھ شیئر کردی۔

 انگین التان نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے نئے ڈرامہ سیریل ’بارباروس‘ کا مختصر ویڈیو کلپ شیئر کیا ہے۔

ویڈیو کلپ میں تاریخی ڈرامہ سیریل کے مختلف مناظر دکھائے گئے ہیں جنہیں دیکھنے کے بعد مداح ڈرامہ کے نشر ہونے کا بےصبری سے انتظار کرنے لگے ہیں۔

 ڈرامہ کی پہلی جھلک سوشل میڈیا پر شئیر ہوتے ہی لاکھوں لوگوں کی جانب سے پسند کیا گیا اور انگین التان کی پوسٹ پر دُنیا بھر میں موجود اُن کے مداح اداکار کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کررہے ہیں۔

تُرک اداکار نے ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں اپنے ساتھی اداکاروں کو تُرکش زبان میں ’گُڈ لک‘ کہا۔

واضح رہے کہ کچھ عرصے سے یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ اداکار انگین آلتان تاریخی ڈرامہ ’بارباروس‘ میں خير الدين پاشا کا مرکزی کردار ادا کریں گے۔

خير الدين پاشا ایک ترک قزاق تھے جوکہ سلطنت عثمانیہ کی بحری افواج کے سربراہ مقرر ہوئے تھے اور کئی دہائیوں تک بحیرہ روم میں بحری فتوحات سے انہوں نے اپنی طاقت کی دھاک بٹھائے رکھی تھی۔

شائقین اداکار انگین آلتان کے اس نئے ڈرامے کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں۔