پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان خفیہ طور پر شادی شدہ ہونے کی افواہوں سے اکتا گئیں اور تمام سوالات کا جواب دینے کے لئے خود میدان میں آگئیں۔
اداکارہ ماہرہ خان کا ایک انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے، جس میں انہوں نے خود سے منسوب جعلی خبروں پر بھرپور ردعمل دیا ہے۔
انٹرویو میں ماہرہ نے اپنے’خفیہ طور پر شادی شدہ‘ہونے کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا ایسا ہوسکتا ہے کہ وہ شادی کریں اور ان کے مداحوں کو اس بارے میں پتہ نہ ہو؟، ماہرہ نے کیمرے کے سامنے اپنے ہاتھ دکھاتے ہوئے کہا کہ ان کے ہاتھوں میں کوئی انگوٹھی نہیں، ان کی منگنی تک نہیں ہوئی۔
ماہرہ نے اپنی ناک کی سرجری سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کیمرہ مین سے کہا کہ کیمرہ پر میری ناک پر زوم کرکے دِکھائیں، دیکھیں میں نے کوئی سرجری نہیں کروائی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ا یک مرتبہ انہوں نے ڈائریکٹر عاصم رضا کو کہا تھا کہ بہت سے لوگ سمجھتے ہیں کہ انہوں نے ناک کی سرجری کروائی ہے تو عاصم نے کہا جو ایسا کہے اس سے کہنا مجھ سے آکر پوچھ لے کیونکہ مجھے تمہاری شوٹنگ کرنی پڑتی ہے۔
ہالی ووڈ اداکار ٹام کروز کےساتھ فلم سائن کرنے کے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے ماہرہ خان نے طنزیہ طور پر کہا کہ وہ یہ خبر لیک ہونے پر ٹام کروز سے معذرت کرتی ہیں، میں نے اس خبر کو کافی عرصے تک چھپانے کی کوشش کی ، لیکن انہیں یقین ہے کہ ٹام کروز ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں اور ان کی ٹیم نے اس خبر کو لیک کیا ہے۔