کنٹرولر کا بیٹا ہو تو پھرپرچہ ایسے حل ہوتا ہے

چکدرہ: میٹرک کے جاری امتحانات میں کنٹرولر ملاکنڈ بورڈ کے بیٹے کیلئے خصوصی انتظامات کے دوران الگ کمرہ،خصوصی مددگار، کتاب اور نوٹس کی موجودگی میں پرچہ حل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

 طالب علم اور مدد گار بند دروازوں کے اندر نقل جبکہ سپرنٹنڈنٹ باہر گھوم رہے تھے، چیئرمین ملاکنڈ بورڈ نے کنٹرولر اور نقل پر اس کے بیٹے کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کرلیا۔

 کنٹرولر کو امتحان جبکہ متعلقہ سپرنٹنڈنٹ کو ڈیوٹی سے الگ کردیا گیا، مزید کاروائی کیلئے تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی۔

مقامی صحافیوں نے گزشتہ روز چکدرہ میں ایک امتحانی حال کا دورہ کیا جہاں ملاکنڈ بورڈ کے کنٹرولر میاں ساجد وزیر کا بیٹا ثاقب بھی میٹرک کا امتحان دے رہا ہے۔

اس موقع پر صحافیوں کا آنکھوں دیکھا حال کیمروں میں بھی ریکارڈ کیا گیاکہ کنٹرولر کا بیٹا الگ کمرے میں خصوصی مدد گار سمیت غیر معمولی انتظامات کے ساتھ پر چہ حل کر رہاتھا اور اس نے اندر سے کمرے کا دروازہ بند کیا ہواتھا جبکہ ان کی نگرانی پر مامور سپرنٹنڈنٹ رحمت علی کمرے کے باہر گھوم رہے تھے۔

چیئرمین ملاکنڈ بورڈ ڈاکٹر زمین گل نے کنٹرولر کے بیٹے کیلئے غیر معمولی اور غیر قانونی انتظامات پر کنٹرولرکے خلاف فوری کاروائی کرتے ہوئے انہیں جاری امتحان سے جبکہ متعلقہ سپرنٹنڈنٹ کو ڈیوٹی سے الگ کرتے ہوئے سوات بورڈ کو ان کے خلاف مزید کاروائی کیلئے رپورٹ ارسال کردی، نقل کرنے پرکنٹرولر کے بیٹے کے خلاف بھی یو ایف ایم کیس بنانے کا عندیہ دیا۔