پاکستان نژاد دردانہ انصاری مسلم دنیا کی پہلی خاتون بن گئی جن کوبرطانوی رائل نیوی میں کیپٹن مقرر کیا گیا ہے۔
ملکہ برطانیہ نے خود دردانہ انصاری کی رائل نیوی میں بطور کیپٹن تعیناتی کی منظوری دی ہے۔
برطانوی رائل نیوی کی پہلی مسلمان خاتون کیپٹن کا اعزاز حاصل کرنے والی پاکستانی خاتون دردانہ انصاری معروف پاکستانی نوجوان گلوکار عاصم اظہر کی خالہ ہے۔
عاصم اظہر نے ٹوئٹر پر خالہ کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو خالہ کی برطانوی رائل نیوی میں پہلی مسلمان اور پاکستانی کیپٹن بننے کی اطلاع دی۔
عاصم اظہر نے ٹوئٹ میں لکھاکہ آج کا دن نہ صرف میرے یا میرے اہل خانہ بلکہ پوری قوم کے لیے فخر کا دن ہے۔
دردانہ انصاری سولہ سال کی عمر میں پاکستان سے برطانیہ آئیں اور تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف فلاحی کاموں میں بھی بھرپور حصہ لینا شروع کردیا۔
دردانہ انصاری ایک انٹر پرینیؤر اور خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی سماجی کارکن ہیں۔
2012 میں انہیں مسلمان خواتین کی ترقی کے لیے پروگرام تشکیل دینے پر برطانیہ کی جانب سے آرڈر آف دی برٹش امپائر(او بی ای) سے نوازا گیا۔
واضح رہے کہ رائل نیوی میں کیپٹن انتہائی سینئر عہدہ ہے، یہ عہدہ کمانڈر سے اوپر اور کموڈور سے نیچے ہے۔ رائل نیوی کا کیپٹن برطانوی آرمی کے کرنل اور شاہی فضائیہ کے گروپ کیپٹن کے برابر عہدے کا حامل ہوتا ہے۔