انور مقصود نے ڈرامہ نگاری چھوڑ دی۔۔۔ مگر کیوں؟

پاکستان کے لیجنڈری ڈرامہ نگار انور مقصود نے  اپنے حالیہ ایک انٹرویو میں موجودہ ڈرامہ انڈسٹری میں دکھائے جانے والے مواد پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے دوری کی وجہ آج کل کے ٹی وی ڈراموں میں دکھایا جانے والا مواد ہے۔

انور مقصود نے کہا کہ انہوں نے ڈرامہ نگاری چھوڑ دی ہے کیونکہ حالیہ دنوں میں ٹیلی ویژن پر جو کچھ ہو رہا ہے ، اس میں میرے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔

 ’ ففٹی ففٹی‘ اور ’آنگن ٹیڑھا‘ جیسے نامور ڈراموں کے لکھاری نے مزید کہاکہ ’اب چونکہ ریٹنگز کو اچھے مواد پر فوقیت حاصل ہے ، لہذا ہدایت کار یا پروڈیوسر ہر لحاظ سے پیچھے رہ گئے ہیں۔ مارکیٹنگ کا محکمہ فیصلہ کرتا ہے کہ کون سے اداکاروں کی ضرورت ہے اور کونسے کی نہیں۔‘

انور مقصود کا خیال ہے کہ ٹیلی ویژن پر نظر آنے والا موجودہ مواد بھارتی ڈراموں سے متاثر ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب ہندوستانی ڈرامے پاکستانی اسکرینز پر دکھائے جانے لگے تو ہم نے سوچا تھاکہ وہ ہمارے ڈراموں سے کچھ سیکھیں گے ، لیکن اس کے برعکس ، ہمارے مصنفین نے ان سے سیکھنا شروع کردیا اور تب سے ہی ہماری ڈرامہ انڈسٹری کے زوال کاآغاز ہوگیا۔