سینئر اداکارکی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

پاکستان ٹیلی ویژن کے سینئر اداکار بہروز سبزواری کی پی ٹی وی ہوم کے پروگرام میں شرکت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ گزشتہ برس کووڈ 19 کے دوران آنے والی پریشانیوں اور اپنے بیٹے شہروز سبزواری کی دوسری شادی کے بارے میں پہلی بار بات کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

اداکار بہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ 2020 ہمارے لیے کورونا لاک ڈاؤن کے ساتھ بہت نشیب و فراز لے کرآیا۔ لیکن زندگی اسی کا نام ہے اور ہمیں اس کا سامنا کرنا ہے۔

بہروز سبزواری نے اپنی سابق بہو سائرہ یوسف اور موجودہ بہو صدف کنول کے بارے میں کہا  کہ دونوں میری بیٹیوں کی طرح ہیں۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ہماری پہلی بہو سائرہ وہ بھی ہماری بیٹی کی طرح ہے کیونکہ وہ نورے کی ماں ہے اور میں سائرہ کو بہت زیادہ سپورٹ کرتا ہوں۔

بہروز سبزواری نے صدف کنول کے بارے میں کہا ہماری دوسری بہو کے روپ میں اللہ نے ہمیں دوسری بیٹی دے دی ہے۔ پروگرام کے میزبان توصیق حیدر نے بہروز سبزواری سے سوال کیا کہ شہروز کی شادی کو لے کر کیا آپ کو کبھی جذباتی طور پر کوئی مشکل پیش آئی؟

بہروز سبزواری نے جواب دیتے ہوئے کہا بالکل مشکل پیش آئی تھی بلکہ میری بیوی سفینہ کو زیادہ مشکل ہوئی تھی کیونکہ خواتین اپنے حساب سے سوچتی ہیں لیکن اللہ تعالیٰ بہت بڑا ہے۔

بہروز سبزواری نے مزید کہا انسانی رشتوں کے درمیان تانا بانا وہ (اللہ) بنتا ہے۔ جب کہ ہم سمجھ رہے ہوتے ہیں کہ ہم نے یہ غلطی کی ہے یا ہم نے اچھا کیا ہے۔ حالانکہ ایسا کچھ نہیں ہے سب خدا کی طرف سے ہوتا ہے اور اچھائی کے لیے ہوتا ہے۔ حالانکہ آپ کو شروع میں ایسا لگتا ہے کہ یہ کیا ہورہا ہے لیکن وہ سب انسان کی بہتری کے لیے ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ بہروز سبزواری کے بیٹے شہروز سبزواری نے 2012 میں سائرہ یوسف سے شادی کی تھی دونوں کی ایک بیٹی نورے ہے۔ تاہم گزشتہ برس اچانک دونوں نے اپنی شادی کے اختتام کا اعلان کرکے مداحوں کو حیران کردیا تھا۔ بعد ازاں 2020 میں کورونا لاک ڈاؤن کے دوران شہروز سبزواری نے اداکارہ و ماڈل صدف کنول کے ساتھ سادگی سے نکاح کرلیا تھا۔