کرشمہ کپور کا سپر ہٹ فلم ”دل تو پاگل ہے“ سے متعلق بڑا انکشاف

بولی وڈ اداکارہ کرشمہ کپور نے انکشاف کیا ہے کہ کئی اداکاراؤں نے مادھوری ڈکشت کی وجہ سے ’دل تو پاگل ہے’ میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔

کرشمہ کپور نے مزید بتایا کہ ان کی والدہ، سابق اداکارہ ببیتہ کپور نے یہ کردار ادا کرنے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کی تھی۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ ریئلٹی شو انڈین آئیڈل کا ایک پرومو شیئر کیا گیا ہے جس میں کرشمہ کپور فلم ’دل تو پاگل ہے’ سے متعلق گفتگو کرتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔

کرشمہ کپور نے بتایا کہ ہر ہیروئن نے فلم ’دل تو پاگل ہے‘ میں کام کرنے سے منع کر دیا تھا کیونکہ یہ ایک ڈانس فلم تھی اور اس میں مادھوری ڈکشت کے مدمقابل ڈانس کرنا تھا تو سب نے یہی کہہ کر منع کیا کہ ’نہیں، ہم مادھوری ڈکشت جی کے ساتھ کیسے ڈانس کرسکتے ہیں‘۔

بولی وڈ اداکارہ نے بتایا کہ ’جب مجھے اس کردار کی پیشکش ہوئی تو ابتدائی طور پر میں نے بھی انکار کردیا تھا کیونکہ یہ ایک ڈانس فلم تھی اور اس میں مادھوری کے ساتھ ڈانس کمپیٹیشن تھا تو میں نے کہا تھا یہ تو نہیں ہوسکتا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’پھر آخرکار یش چوپڑا اور ادیتیا چوپڑا نے مجھے فلم کی کہانی بتائی اور میری والدہ نے بھی بہت حوصلہ افزائی کی تو میں نے یہ رول لے لیا تھا‘۔

کرشمہ کپور نے کہا کہ ’میری والدہ نے کہا تھا کہ ’تمہیں یہ چیلنج لینا چاہیے، تم مادھوری ڈکشت کی بڑی مداح ہو، تمہیں یہ رول لازمی کرنا چاہیے، تم محنت کرو کامیابی ملے گی’۔

خیال رہے کہ فلم ’دل تو پاگل ہے’ 1997 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں شاہ رخ خان، مادھوری ڈکشت اور کرشمہ کپور نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔

یہ فلم سپر ہٹ ہوئی تھی اور ’دل تو پاگل ہے’ نے بعدازاں مختلف کیٹیگریز میں کئی ایوارڈز بھی حاصل کیے تھے۔

 

ا تھا۔