عمر شریف سے تیسری بیوی نے جائیداد ہتھیا لی

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے معروف اداکار عمر شریف کی جائیداد کی تیسری بیوی کو منتقلی کے خلاف درخواست پر اہلیہ زرین غزل کو اپارٹمنٹ فروخت کرنے سے روک دیا۔

جسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل بینچ کے روبرو معروف اداکار عمر شریف کی جائیداد تیسری بیوی کو منتقلی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

عمر شریف کے وکیل نے موقف اپنایا کہ عمر شریف نے 2016 میں بینک سے قرض لے کر اپارٹمنٹ خریدا تھا، وہ شدید علیل ہیں اور انہیں بھولنے کی بیماری ہے۔

درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ علالت کے دوران تیسری بیوی زرین غزل نے دسمبر 2020 میں انہیں خوفنزدہ کرکے اپارٹمنٹ اپنے نام کرلیا۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عمر شریف کو خدشہ ہے کہ اب 11 کروڑ روپے کا اپارٹمنٹ زرین غزل فروخت کرنا چاہتی ہیں لہٰذا عمر شریف کی گفٹ ڈیڈ کو کالعدم قرار دیا جائے۔

عدالت نے عمر شریف کی تیسری اہلیہ زرین غزل کو اپارٹمنٹ فروخت کرنے سے روکتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔

خیال رہے کہ کامیڈین اداکار طویل مدت سے علیل ہیں اور انہیں ہائی کورٹ بھی وہیل چیئر کے ذریعے لایا گیا تھا۔