نانا پاٹیکر نے سنجے دت کیساتھ کام نہ کرنے کی قسم کیوں کھائی تھی؟

ممبئی: بالی ووڈ کے مقبول ترین اداکار نانا پاٹیکر نے سنجے دت کے ساتھ فلموں میں کام نہ کرنے کی وجہ بتادی ہے۔

 بالی ووڈ اداکار نانا پاٹیکر اور سنجے دت، دونوں نے ہی اپنے ٹیلنٹ سے اداکاری کی دنیا میں اپنی ایک الگ پہچان بنائی ہے اور دنیا بھر میں کروڑوں دلوں پر راج بھی کررہے ہیں۔

 دونوں کی فلموں میں ان کی اداکاری دیکھ کر ہر ایک شخص ان کی تعریف کرنے پر مجبور ہوجاتا ہے تاہم نانا پاٹیکر نے سنجے دت کے ساتھ کام نہ کرنے کی جو قسم کھائی تھی وہ ابھی تک قائم رکھی ہوئی ہے اور اب انہوں نے اس قًسم کی وجہ بھی بتادی ہے۔

اس حوالے سے بھارتی میڈیا رپورٹس کا کہنا ہے کہ سال 1993ء  میں بالی ووڈ اداکار سنجے دت پر ممبئی بم دھماکوں کا الزام لگایا گیا تھا جس کے بعد انہیں سال 2006ء میں سزا سنائی گئی تھی۔


کچھ عرصے کے بعد سنجے دت کو ممبئی بم دھماکوں کے الزام سے بری کردیا گیا تھا لیکن غیر قانونی ہتھیار رکھنے کے کیس میں اداکار کو سزا بھگتنی پڑی تھی اور انہی وجوہات کی بناء  پر نانا پاٹیکر نے سنجے دت کے ساتھ کسی بھی فلم میں کام نہ کرنے کی قسم کھائی تھی۔

نانا پاٹیکر نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ ’وہ سنجے دت کو ان کے جرم کی یہی سزا دے سکتے ہیں کہ وہ ان کے ساتھ کبھی کوئی کام نہ کریں۔

بالی ووڈ اداکار نے کہا تھا کہ ’سنجے دت نے جو جرم کیا وہ بہت خطرناک تھا تو ان کی سزا کیوں کم کی گئی‘۔

انہوں نے کہا کہ ’یہ بالکل غلط ہے کہ ایک اداکار کے لیے الگ قانون ہے اور غریب یا عام آدمی کیلئے الگ قانون ہے۔‘