آج کے ڈیجیٹل دور میں محبت بھی ڈیجیٹل ہوچکی ۔ ٹیکنالوجی کی بدولت این ایف ٹی یعنی ’نان فنجیبل ٹوکن‘ کو ڈیجیٹل موسیقی، آرٹ اور گرافکس وغیرہ کی خریداری میں استعمال کیا جارہا ہے اور اب پہلی مرتبہ اسے جذبات کی خرید و فروخت میں بھی استعمال کیا گیا ہے۔
پولینڈ کی مشہور ماڈل اور ڈیجیٹل انفلوئنسر مارٹا رینٹل نے ایک نامعلوم مداح کو اپنے محبت بھرے جذبات ڈیجیٹل انداز میں ڈھائی لاکھ ڈالر میں فروخت کئے ہیں۔ اس طرح مارٹا ڈیجیٹل جذبات فروخت کرنے والی دنیا کی پہلی شخصیت بن گئی ہیں۔ تاہم اب تک این ایف ٹی کے خریدار کا سراغ نہیں مل سکا ہے۔
21 سالہ مارٹا نے کہا ہے کہ وہ جدت اور اختراع میں دلچسپی رکھتے ہوئے مستقبل کی تشکیل کرنا چاہتی ہیں۔
مارٹا نے کہا کہ ’میں دنیا کی پہلی خاتون ہوں جس نے جذبات کو ڈیجیٹل ٹوکن میں بدلا ہے۔ جسمانی محبت، غیرجسمانی محبت اور اب ڈیجیٹل محبت کا دور ہے۔ یہ سب حقیقت میں یکساں ہیں کیونکہ جذبات اور احساسات یکساں ہوتے ہیں،‘۔
وہ کہتی ہیں کہ ڈیجیٹل اشیا میں فلمیں ہوں، یادداشتیں ہوں یا تصاویر ہی کیوں نہ ہوں، وہ ہمیشہ ہی قائم رہیں گی۔
واضح رہے کہ مارٹا رینٹل پولینڈ میں بہت مقبول ہیں۔ ان کے یوٹیوب مداحوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ ٹاک ٹاک پر ان کے 24 لاکھ اورانسٹاگرام پر ساڑھے چھ لاکھ فالوورز ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا ہے کہ وہ اس رقم کو عطیہ کریں گی۔