سعودی وزیرِ خارجہ فیصل بن فرحان ایک روزہ دورے پر پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئے۔
نور خان ایئر بیس پر وزیرِ اعظم عمران خان کے نمائندۂ خصوصی حافظ طاہر اشرفی نے سعودی وزیرِخارجہ فیصل بن فرحان کا استقبال کیا۔
وزارتِ خارجہ کے حکام اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
نور خان ایئر بیس کے لاؤنج میں حافظ طاہر محمود اشرفی اور پرنس فیصل بن فرحان کے درمیان غیر رسمی ملاقات ہوئی۔
سعودی وزیرِخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان وزیرِ اعظم عمران خان، صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کریں گے۔
سعودی وزیرِخارجہ فیصل بن فرحان اپنے دورے کے دوران وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کریں گے۔
خیال رہیں کہ وزیراعظم عمران خان نے مئی میں پاکستان کے وزراء اور اعلیٰ حکام پر مشتمل وفد کے ساتھ سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔اس دورے میں دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور دفاعی شعبے میں تعاون کے فروغ سے متعلق متعدد سمجھوتوں پر دستخط کیے گئے تھے۔
سعودی وزیرخارجہ کے دورے کے موقع پر ان سمجھوتوں پرپیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔اس میں دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت کی جائے گی۔
واضح رہے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل کا ایک سال میں پاکستان کا یہ دوسرا سرکاری دورہ ہے۔ قبل ازیں انھوں نے دسمبر 2020ء میں پاکستانی قیادت کے ساتھ بات چیت کے لیے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔