اسرائیل کی میونسپل دفتر اور اسکولوں پر بمباری؛ صحافی سمیت مزید 22 فسطینی شہید

اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی دباؤ کے باوجود اسرائیلی فوج نے غزہ کے پناہ گزین کیمپوں پر فضائی بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے علاقے دیر البلح میں میونسپلٹی کی عمارت پر بمباری جس میں میئر ذیاب اللوح بھی شہید ہوگئے۔

اس واقعے میں مزید 10 فلسطینی بھی شہید ہوئے جو ممکنہ طور پر میونسپل اہلکار تھے اور ایک میٹنگ کے لیے جمع ہوئے تھے۔

اسرائیلی فوج نے غزہ میں 3 اسکولوں المقدسہ ، الماجدہ وسیلہ اور یافا میں قائم پناہ گزین کیمپوں پر بھی بمباری کی جس میں 11 فلسطینی شہید ہوگئے۔

علاوہ ازیں اسرائیلی فوج نے غزہ کے الصفاوی محلے میں ایک گھر پر بمباری کی جس میں صحافی محمد بعلوش شہید ہوگئے۔

غزہ کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 7 اکتوبر 2023ء سے اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے صحافیوں کی تعداد 190 ہوگئی۔