بارسلونا میں ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اسپین کے زیر اہتمام پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوسر نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یورپ بھر میں ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن کے زیر اہتمام سول نافرمانی کے خلاف تحریک چلائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پاک فوج کے خلاف کسی بھی قسم کا پراپیگنڈا برداشت نہیں کیا جائے گا، پاک فوج پاکستانیوں کی ریڈ لائن ہے۔
ڈاکٹر پرویز اقبال لوسر نے کہا کہ پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کانفرنس کا آج سے مارچ تک یورپ بھر میں انعقاد کیا جائے گا، اسپین میں مقیم پاکستانیوں نے ہمیشہ پاکستان مخالف آوازوں کے خلاف آواز بلند کی ہے۔
دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ، عدلیہ اور پاک فوج کا احترام لازم ہے، اس وقت پوری قوم کو اتحاد و اتفاق کی اشد ضرورت ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور فوج اس کی محافظ ہے۔
اوور سیز پاکستانیوں نے سول نافرمانی تحریک کو مسترد کرتے ہوئے سول نافرمانی تحریک نامنظور کے نعرے لگائے۔
کانفرنس کے شرکاء نے پاکستان اور افواجِ پاکستان سے اپنی وفاداری کا عہد کیا۔
شرکاء نے ڈھول کی تھاپ اور پاکستانی پرچموں کے ساتھ جنرل سید عاصم منیر زندہ باد، پاک فوج اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بلند کیے۔
کانفرنس سے کامران خان، فیض اللّٰہ ساہی، راجہ مختار احمد سونی، چوہدری اشتیاق احمد، حاجی راجہ اسد حسین، مرزا ندیم بیگ اور ڈاکٹر قمر فاروق نے بھی خطاب کیا۔