اضی میں خواتین اور اداکاراؤں کے حوالے سے قدرے نامناسب کمنٹس اور بیانات دینے پر تنقید کا نشان بننے والے خلیل الرحمٰن قمر نے ایک مرتبہ پھر متعدد شوبز شخصیات کے حوالے سے نامناسب گفتگو کرکے نئی بحث چھیڑ دی۔
ڈراما ساز ماضی میں سماجی رہنما ماروی سرمد، اداکارہ سونیا حسین اور دیگر خواتین کے حوالے سے نامناسب اور متنازع باتیں کر چکے ہیں اور انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
تاہم حال ہی میں انہوں نے ایک مرتبہ پھر ماہرہ خان، عفت عمر، عدنان ملک، ریشم اور سونیا حسین کے حوالے سے نامناسب باتیں کیں۔
ڈراما نگار نے ایم وائے کے نیوز کے پروگرام وہ والا شو میں بات کرتے ہوئے مختلف مسائل پر باتیں کیں اور کہا کہ وہ سوشل شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے والوں کو اسٹار نہیں مانتے۔
خلیل الرحمٰن قمر نے تسلیم کیا کہ ٹک ٹاکرز ٹیلنٹڈ ہیں مگر وہ انہیں تجویز دیتے ہیں کہ وہ دوسروں کی آواز پر لپسنگ نہ کریں بلکہ خود اپنی آواز میں ویڈیوز شوٹ کریں تاکہ کوئی بھی ڈراما ساز ان کا حقیقی ٹیلنٹ دیکھ کر انہیں کاسٹ کرے۔
پروگرام کے مختلف سیگمنٹس میں انہوں نے کئی سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے بتایا کہ انہی اہلیہ ایک نہیں بلکہ بار بار ڈانٹتی ہیں اور شاید کوئی ایسا دن نہیں جب انہوں نے بیوی کی ڈانٹ نہ کھائی ہو۔
ڈراما ساز نے بیگم کی تعریف کرتے ہوئے انہیں خوش اخلاق اور پیاری خاتون قرار دیا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ماضی میں رات دیر گئے وہ جب لکھنے بیٹھے تو اچانک ان کے سگریٹ ختم ہوگئے اور ان کے پاس پیسے بھی نہیں تھے مگر وہ سرد رات میں ہمت کرکے گھر سے نکلے اور دکاندار کے پاس پہنچے اور انہیں بتایا کہ ان کے پاس پیسے نہیں مگر انہیں سگریٹ چاہیے۔
خلیل الرحمٰن قمر کے مطابق دکاندار نے خاموشی سے انہیں ایک نہیں بلکہ چار پیکٹ نکال کر دیے اور بعد میں انہوں نے دکاندار کو پیسے ادا کردیے تھے، ان کے مطابق وہ آج تک اسی دکاندار سے سگریٹ لیتے ہیں۔
پروگرام کے ایک سیگمنٹ میں جب انہیں مختلف اداکاروں کی تصاویر دکھا کر ان سے رائے مانگی گئی تو انہوں نے کئی شخصیات کے حوالے سے نامناسب باتیں کیں جب کہ زیادہ تر معروف شخصیات کو انہوں نے پہچاننے سے ہی انکار کردیا۔
ڈراما نگار کو جب فہد مصطفیٰ کی تصویر دکھائی گئی تو پہلے انہوں نے انہیں پہچانا ہی نہیں لیکن میزبان کی جانب سے بتائے جانے پر انہوں نے میزبان کو اپنا دوست قرار دیا۔
اداکارہ فیروز خان کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ انہیں امید نہیں تھی کہ وہ اتنے اچھے اداکار بن پائیں گے، ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ ماضی میں انہوں نے آڈیشن کے دوران فیروز خان کو واپس گھر بھیج دیا تھا مگر اب جلد ہی دونوں ایک منصوبے میں کام کرتے دکھائی دیں گے۔
ڈراما ساز نے یاسر حسین کو بھی پہنچاننے سے انکار کردیا اور ساتھ ہی ان پر کوئی تبصرہ کرنا بھی پسند نہیں کیا، اسی طرح انہوں نے معروف صحافی و اینکر حامد میر سے متعلق کہا کہ وہ ان سے سخت نفرت کرتے ہیں اور مزید ان پر کوئی بات کرنے سے بھی انکار کردیا۔
خلیل الرحمٰن قمر نے اداکارہ وینا ملک کی تعریف کرتے ہوئے انہیں بہترین قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے ان کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔
خلیل الرحمٰن قمر کو جب عفت عمر کی تصویر دکھائی گئی تو انہوں نے کہا کہ یہ وہ خاتون ہیں، جن سے وہ نفرت بھی نہیں کرتے، کیوں کہ وہ نفرت کے بھی قابل نہیں ہیں۔
اداکارہ ماہرہ خان کی تصویر پر انہوں نے کہا کہ انہیں زندگی بھر اس کا بات کا دکھ اور پچھتاوا رہے گا کہ اداکارہ نے ان کی زندگی پر بنی سیریل میں کام کیا اور اسی طرح انہوں نے پہلے عدنان ملک کو پہنچاننے سے ہی انکار کیا مگر بعد میں کہا کہ مذکورہ اداکار کے لیے بھی انہیں اس بات کا افسوس رہے گا کہ انہوں نے ان کے ڈرامے میں کام کیا۔
ڈراما ساز نے ماریہ واسطی کو بہترین اداکارہ قرار دیا جب کہ انہوں نے صبا حمید کی بھی تعریف کی، ساتھ ہی انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ و صحافی ریحام خان کے حوالے سے کہا کہ انہین ان پر ترس آتا ہے۔
مذکورہ سیگمنٹ میں انہوں نے اداکارہ ریشم پر بھی کوئی بات کرنے سے انکار کیا جب کہ سونیا حسین کو وہ پہلے تو پہچان ہی نہیں پائے مگر بعد ازاں میزبان کی جانب سے بتائے جانے پر انہوں نے ان پر بات کرنے سے معذرت کی۔
خلیل الرحمٰن قمر نے مفتی عبدالقوی کے حوالے سے کہا کہ وہ ہمارے ملک اور مفتیوں پر بدنما داغ ہیں۔