عالمی سطح پر مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے ایک وقت میں بیک وقت چار ڈیوائسز میں واٹس ایپ کی سہولت متعارف کرائی ہے
واٹس ایپ متعدد قسم کے نئے فیچرز کو متعارف کروانے کے ذریعے اپنے پلیٹ فارم کو ایک نئی شکل دے رہا ہے۔ ان ہی فیچرز میں سے ایک واٹس ایپ کا نیا ملٹی ڈیوائس فیچر ہے۔
حال ہی میں واٹس ایپ کی جانب سے بیٹا ورژن صارفین کے لیے ملٹی ڈیوائس فیچر متعارف کروایا گیا ہے لیکن سوال یہ ہے کہ اس فیچر کے بعد واٹس ایپ ویب استعمال کرنے والے صارفین کے لیے کیا تبدیلیاں آئیں گی؟ اس حوالے سے واٹس ایپ ترجمان کا بیان غیر ملکی میڈیا میں شائع کیا گیا ہے۔
واٹس ایپ کا نیا ملٹی ڈیوائس فیچر فون میں انٹرنیٹ نہ ہونے کی صورت بھی واٹس ایپ تک رسائی کی اجازت دیتا ہے۔ صارفین کو فون کو واٹس ایپ ویب سے کنیکٹ کرنے کے لیے انٹرنیٹ درکار ہوتا ہے اور بعد ازاں واٹس ایپ ویب تک رسائی کے لیے کیو آر کوڈ اسکین کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
تاہم موبائل میں انٹرنیٹ بند ہونے کی صورت میں منٹوں میں ہی ویب پر موصول ہونے والے میسیجز کا سلسلہ رک جاتا ہے لیکن اب واٹس ایپ ملٹی ڈیوائس فیچر کے متعارف کروائے جانے کے بعد اس میں تبدیلی آگئی ہے۔
اس نئے فیچر کے تحت واٹس ایپ صارفین اب پرائمری ڈیوائس کے ساتھ 4 ڈیوائسز میں کنیکٹ ہوسکتے ہیں۔
اس نئے فیچر کے آنے کے بعد واٹس ایپ ویب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے واٹس ایپ ترجمان کا کہنا تھا کہ صارفین کے لیے واٹس ایپ ویب ہمارا ایک اہم اور خاص پلیٹ فارم ہے۔
ترجمان کے مطابق اب تک واٹس ایپ ویب پر ایک وقت میں ایک ہی بار موجود ہے تاہم جو چیز نئے فیچر میں سمجھنے کی ضرورت ہے وہ یہ ہے کہ ’ایک وقت میں بیک وقت چار ڈیوائسز میں واٹس ایپ کی سہولت متعارف کیے جانے سے مراد واٹس ایپ ویب، واٹس ایپ ڈیسک ٹاپ، فیس بک یا پورٹل سے ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ایک دوسرے اسمارٹ فون یا ٹیب پر واٹس ایپ کو استعمال کرنے کے لیے صارف کو تھوڑا سا وقت درکار ہوگا، اس نئے فیچر کے ساتھ واٹس ایپ ویب اور ڈیسک ٹاپ پہلے کی طرح بلکہ اور بہتر طریقے سے کام کرے گا لیکن اگر آپ اب پی سی یا لیپ ٹاپ سے میسجز کرنا یا وصول کرنا چاہیں گے تو آپ کو انٹرنیٹ کنکشن کی ضرورت نہیں ہوگی۔