معروف ڈرامہ نگار اور مصنف خلیل الرحمان کی جانب سے سپر اسٹار ماہرہ خان کے لیے منفی تبصرہ کیے جانے کے بعد معروف ہدایتکار اور فلم ساز محمد احتشام الدین اداکارہ کی حمایت میں میدان میں آگئے۔
کچھ روز قبل خلیل الرحمان کا نجی شو سے لیا گیا ایک کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا جس میں میزبان نے مصنف کو ماہرہ خان سمیت کئی اداکاروں اور شوبز شخصیات کی تصاویر دکھا کر ان سے متعلق رائے مانگی تھی۔
ماہرہ خان کی تصویر دیکھ کر خلیل الرحمان قمر کا کہنا تھا کہ مجھے زندگی بھر غم رہے گا کہ ماہرہ نے میری زندگی کا سیریل کیا اور اس ڈرامے میں بطور ہیروئن کردار ادا کیا، یہ غم مجھے ہمیشہ رہے گا۔
ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد ہدایتکار محمد احتشام الدین کی جانب سے ماہرہ خان کے لیے سوشل میڈیا پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ان پر فخر کیا گیا ہے۔
محمد احتشام الدین نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ اس سے فرق نہیں پڑتا کہ کوئی تمہارے لیے کیا کہتا ہے، مجھے تم پر فخر ہے اور ہمیشہ رہے گا۔
فلم ساز نے ماہرہ خان کے نام لکھے گئے پیغام میں ان کے نبھائے گئے مختلف کرداروں کے لیے ان کی سخت محنت کو بھی سراہا۔
ہدایتکار نے برسوں بعد ماہرہ خان کی نجی ٹی وی کے پراجیکٹ کے ذریعے واپسی پر بہت سی دعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔