اداکارہ شلپا شیٹی نے شوہر راج کندرا کی فحش فلموں کے کیس میں گرفتاری کے بعد پہلا بیان جاری کیا ہے۔
بھارتی اداکارہ نے انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے اس بات کا اقرار کیا کہ گزشتہ کچھ روز ان کی زندگی کے چیلنجنگ دن تھے، ان دنوں بہت سی افواہیں اور الزامات گردش کرتے رہے، میڈیا اور مداحوں نے ان کے حوالے سے بے بنیاد باتیں کہیں۔
اداکارہ نے لکھا کہ ناصرف میرے لیے بلکہ میری فیملی کیلئے بھی کئی سوالات کیے گئے، ٹرولنگ بھی ہوئی، اس حوالے سے میں نے تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا اور نا ہی کروں گی کیونکہ یہ کام عدالت کا ہے اور کیس عدالت میں چل رہا ہے۔
شلپا نے صارفین اور میڈیا کو تنبیہ کرتے ہوئے لکھا کہ میرے نام سے منسوب جھوٹی باتیں پھیلانا بندکریں، تفتیش جاری ہے، مجھے بھارت کے عدالتی نظام اور ممبئی پولیس پر پورا بھروسہ ہے۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ میں آپ سے بحیثیت ایک ماں اپیل کرتی ہوں کہ ہمارے حوالے سے بغیر تصدیق کے کوئی معلومات شیئر نہ کی جائے، اس مشکل وقت میں مجھ سمیت میرے خاندان کی پرائیویسی کا خیال رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ میں گزشتہ 29 سالوں سے بھارت کی ایک محنتی شہری ہوں، لوگ مجھ پر بھروسہ کرتے ہیں اور میں نے بھی انہیں کبھی مایوس نہیں کیا، ہم میڈیا ٹرائل کے مستحق نہیں ہیں۔