ٹک ٹاک ویڈیو کا شوق پولیس کو پڑ گیا مہنگا۔۔

 راولپنڈی:پولیس کے تین اہلکاروں کو ٹک ٹاک ویڈیو بنانا مہنگا پڑ گیا۔

 ذرائع کے مطابق اعلیٰ حکام نےسوشل میڈیا ایپلی کیشن ٹک ٹاک پرراولپنڈی پولیس اہلکاروں کی  ویڈیو وائرل ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے  تینوں پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ٹک ٹاک پر راولپنڈی پولیس کے اہلکاروں کی ویڈیو سامنے آنے پر سی پی او محمد احسن یونس نے نوٹس لیتے ہوئے ہیڈ کانسٹیبل عادل حسین، کانسٹیبل حمزہ اور کانسٹیبل رضوان کو معطل کردیا۔

اہلکار تھانہ آر اے بازار میں تعینات تھے اور انہوں نے موبائل میں بیٹھ کر اسلحے کے ساتھ ٹک ٹاک ویڈیو بنائی تھی۔ پولیس حکام کے مطابق ویڈیو بناکر ٹک ٹاک پر اپلوڈ کرنا پنجاب پولیس کی سوشل میڈیا پالیسی اور محکمانہ قواعد و ضوابط کے خلاف ہے، اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔