ماہرہ خان کا ’’پرنس چارمنگ‘‘ شاہکار قرار۔۔

گزشتہ روز ماہرہ خان اور زاہد احمد کی 11 منٹ 25 سیکنڈ دورانیے کی مختصر فلم ’’پرنس چارمنگ‘‘ یوٹیوب چینل ’’سی پرائم‘‘ پر ریلیز کی گئی۔ لوگ اس فلم کا بے چینی سے انتظار کررہے تھے یہی وجہ ہے کہ فلم ریلیز ہوتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد نے اسے دیکھا اور 24 گھنٹوں سے بھی  کم وقت میں یوٹیوب پر اس فلم کو ڈھائی لاکھ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔

فلم کی کہانی شوہر اور بیوی کے درمیان رشتے کے گرد گھومتی ہے فلم میں دونوں کے رشتے کو کافی پیچیدہ دکھایا گیا ہے۔ فلم میں ماہرہ خان نے زاہد احمد کی بیوی کا کردار ادا کیا ہے جو اپنے شوہر کی توجہ پانے کی منتظر رہتی ہے جب کہ زاہد احمد ایک ایسے شوہر کے کردار میں نظر آرہے ہیں جسے اپنے کام کے علاوہ کچھ نظر نہیں آتا۔

مختصر یہ کہ فلم میں شادی کے بعد شوہر کی توجہ نہ ملنے پر خواتین میں ہونے والے ڈپریشن جیسے اہم مسئلے کو اجاگر کیا گیا ہے کہ کس طرح خواتین اپنے شوہر کی توجہ نہ ملنے کی وجہ سے ذہنی مسائل سے دوچار ہوجاتی ہیں۔ اس کردار کو ماہرہ خان نے اس خوبی سے نبھایا ہے کہ سوشل میڈیا پر لوگ ان کی اداکاری کی بےحد تعریف کررہے ہیں۔

لوگوں نے سوشل میڈیا پر اس فلم کو ماسٹر پیس ’شاہکار‘ قرار دیا۔ جب کہ کچھ لوگوں نے کہا وہ اس فلم کو ایک سے زائد بار دیکھ چکے ہیں اور ہر بار انہیں لگتا ہے کہ وہ نئی چیز دیکھ رہے ہیں۔
لوگوں نے فلم میں ماہرہ خان اور زاہد احمد کی جوڑی کو بھی بہترین قرار دیا۔اس فلم کی ہدایات اداکار شہریار منور نے دی ہیں اور ’’پرنس چارمنگ‘‘ کے ذریعے انہوں نے بطور ہدایات کار ڈائریکشن کی دنیا میں ڈیبیو کیا ہے۔ لوگ شہریارمنور کی ڈائریکشن کو بھی بےحد سراہ رہے ہیں اور بطور ہدایات کار ان کے مزید پراجیکٹس کے منتظر ہیں۔