مياں چنوں: معروف ٹی وی میزبان وقار ذکا نے ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم کو 10 لاکھ روپے بطور انعام دے دیے ہیں۔
پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کے وطن واپس پہنچنے پر وقار ذکا نے ان کا استقبال کیا اور انہیں وعدے کے مطابق 10 لاکھ روپے بطور انعام دیے۔
وقار ذکا نے فیس بُک پر لائیو ویڈیو بناتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم کو انعامی رقم دینے کا مقصد ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، میں نے 10 لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا تھا، ارشد ندیم کو 10 لاکھ روپے دینے سے پاکستان کے دیگر ایتھلیٹ موٹیویٹ ہوں گے۔
وقار ذکا نے کہا کہ ایسے لوگوں کی مدد صرف حکومت کو نہیں بلکہ عام لوگوں کو بھی کرنی چاہیے، یہ تاثر غلط ہے کہ ارشد ندیم کی حکومت نے کوئی مدد نہیں کیا۔
وقار ذکا نے کہا کہ اس ویڈیو سے ماہانہ جتنی بھی آمدنی ہوگی وہ میں ارشد ندیم کو دوں گا، فیس بُک صارفین زیادہ سے زیادہ اس ویڈیو کو شیئر کریں، جو لوگ ارشد ندیم کو پیسے دے کر ان کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتے ہیں وہ دکھاوے سے پرہیز کریں۔
اس موقع پر ارشد ندیم نے کہا کہ میں وقار ذکا کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ سوشل میڈیا کے بڑے اسٹار ہیں، انہوں نے میرے لیے حوصلہ افزائی کی ہے، وقار ذکا نے اپنا وعدہ پورا کیا، لوگ ایسے حوصلہ افزائی کرتے رہے تو ان شاء اللہ ضرور کامیاب ہوں گے۔