پاکستان کی معروف گلوکارہ نازیہ حسن کے بھائی زوہیب نے کہا ہے کہ نازیہ نے لندن میں حلف کے تحت جو بیان ریکارڈ کروایا تھا اس میں نازیہ نے خود لکھوایا کہ ان کے شوہر نے انہیں کچھ کھلایا تھا اور ان کے ساتھ برا سلوک کرتا تھا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں زوہیب حسن نے کہا کہ نازیہ اپنی زندگی میں اپنے ہاتھ سے لکھ چکی تھیں کہ وہ طلاق چاہتی ہیں
اس حوالے سے نازیہ کے سابق شوہر مرزا اشتیاق بیگ نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ وہ ان الزامات کے جواب میں زوہیب حسن پر ایک ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے جارہے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں اشتیاق بیگ نے کہا کہ زوہیب نہیں چاہتے تھے کہ نازیہ کی شادی کسی سے بھی ہو کیونکہ زوہیب کا گزر بسر نازیہ کی آمدنی پر ہی تھا۔
خیال رہے کہ نازیہ حسن محض 35 برس کی عمر میں پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا ہوکر 13اگست 2000 کو اس دار فانی سے رخصت ہوگئی تھیں۔