انجلینا جولی نے بھی انسٹا گرام کا اکاؤنٹ بنا لیا

معروف امریکی اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خصوصی مندوب برائے مہاجرین انجلینا جولی نے انسٹاگرام پر اپنا اکاؤنٹ بنالیا اور پہلی ہی پوسٹ افغان خواتین کے نام کردی۔ 

انجلینا جولی نے آج انسٹاگرام پر اکاؤنٹ بنایا ہے اور ایک ہی دن میں ان کے فالوورز کی تعداد 51 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

امریکی اداکارہ نے اپنی پہلی پوسٹ میں افغانستان کی ایک نوعمر لڑکی کے خط کا عکس شائع کیا ہے جس میں  لڑکی نے لکھا ہے کہ افغانستان میں لوگ سوشل میڈیا پر بات چیت اور آزادانہ اظہار خیال کا حق کھو رہے ہیں۔

انجلینا جولی کا کہنا ہے کہ میں نے انسٹاگرام پر اکاؤنٹ اسی لیے بنایا ہے کہ ایسی کہانیاں دنیا بھر کے لوگوں کو سناؤں، اُن کی آواز بنوں جو اپنے بنیادی انسانی حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں۔