ممبئی: بالی وڈ اداکار ابھیشیک بچن کو فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہونے پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ابھیشیک بچن گزشتہ دنوں اپنی نئی آنے والے تامل فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوگئے جس کے بعد انہیں فوراً ممبئی کے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی.
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ابھیشیک بچن کے ہاتھ میں شدید چوٹ آئی ہے اور ڈاکٹرز نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے جس کی وجہ سے ابھیشیک ہسپتال میں ہی موجود ہیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز امیتابھ بچن اور ان کی بیٹی شیوتا بچن نندن ممبئی کے لیلا وتی ہسپتال پہنچے جہاں انہوں نے ابھیشیک بچن کی عیادت کی تاہم ابھیشیک کی بیوی ایشوریا رائے شہر سے باہر ہونے کے باعث ہسپتال نہیں آسکیں۔
واضح رہے کہ ابھیشیک ان دنوں اپنی نئی آنے والی تامل فلم کے ریمیک کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، فلم کے پروڈیوسر بھی خود ابھیشیک ہی ہیں تاہم فلم کے سیٹ پر حادثہ کیسے پیش آیا، اس حوالے سے تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔