پشاور: تھانہ خزانہ کے علاقے ہندکو دامان میں رات گئے چوری کی نیت سے گھر میں گھسنے والے تین رکنی گروہ کو خوب پٹائی کے بعد پولیس کے حوالے کردیاگیا۔
شہریوں کی جانب سے چوروں کا الٹا لٹکانے کی ویڈیو وائرل ہونے پر آئی جی خیبرپختونخوا نے نوٹس لے لیا اور سی سی پی او سے فوری طور پر واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
پولیس کے مطابق اکرام اللہ ولد عالم خان سکنہ ہندکو دامان نے رپورٹ درج کرائی کہ وہ اپنے گھر میں محو خواب تھاکہ اس دوران تین مسلح افراد گھر میں چوری کی نیت سے داخل ہوئے جنہیں قابو کرکے خوب پٹائی کے بعد پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق بعدازاں ملزموں ساجد ٗ اشفاق اور عامرکیخلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
ادھر سوشل میڈیا میں چوروں کو شہریوں کی جانب سے الٹا لٹکانے اور تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس کا انسپکٹر جنرل پولیس معظم جا انصاری نے نوٹس لے لیا ہے او رسی سی پی او سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں غیر انسانی فعل ناقابل برداشت ہے جو بھی ملوث ہے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔