اداکارہ صنم چوہدری نے شوبز کو خیر باد کہہ دیا

کراچی:  اداکارہ صنم چوہدری نے دین کی خاطر شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا ہے۔

اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے صنم چوہدری نے اپنی تمام تصاویر ڈیلیٹ کردی ہیں۔

انہوں نے ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے ’میرے خاندان نے اللہ کی طرف پلٹنے پر میرا اس طریقے سے استقبال کیا ہے، یہ بہت پُرمسرت ہے، شکریہ‘۔

صنم چوہدری کی اس پوسٹ کے بعد مداحوں کو یقین ہو چلا ہے کہ انہوں نے اداکاری چھوڑ دی ہے۔

مداح انہیں کمنٹس میں استقامت کی دعائیں دے رہے ہیں تاہم صنم چوہدری کی جانب سے اس حوالے سے کوئی واضح بیان سامنے نہیں آیا۔

صنم چوہدری نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کا بائیو بھی ’اداکارہ‘ سے تبدیل کر کے ’ایک مسلمان ماں جو اسلام سیکھ رہی ہے‘ کر دیا ہے۔

انہوں نے کچھ روز قبل اسٹاگرام پر سورة الأحزاب کی ایک آیت شیئر کی تھی اور لکھا تھا ’قرآن پاک پڑھنے سے مجھے میرا جواب مل گیا، اور میں اللہ کی طرف پلٹتی ہوں۔ اللہ تیرا شکر!‘۔