ممبئی: بالی ووڈ اداکار ارمان کوہلی کو منشیات کیس میں گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو(این سی بی) کی ٹیم نے ہفتے کی شام ارمان کوہلی کے گھر پر چھاپہ مارا جہاں سے مبینہ طور پر منشیات برآمد ہوئی۔
جس کے بعد کوہلی کو تفتیش کے لیے جنوبی ممبئی میں ایجنسی کے دفترلے جایا گیا۔ اب اداکار کوسرکاری طور پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔
سینٹرل ایجنسی کے ذرائع کے مطابق ارمان کوہلی کے گھر سے مبینہ طور پر تھوڑی تعداد میں کوکین برآمد ہوئی۔ 28 اگست کو این سی بی نے ہسٹری شیٹر پیڈلر کو پکڑنے کے بعد کوہلی کے گھر پر چھاپہ مارا جس نے انہیں معلومات دی تھی کہ کوہلی ان کا کلائنٹ ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مبینہ پیڈلر بالی ووڈ کی دیگر شخصیات کو بھی منشیات سپلائی کررہا تھا۔
واضح رہے کہ اداکار ارمان کوہلی کئی بالی ووڈ فلموں میں کام کرچکے ہیں لیکن ان کا شمار بھارتی فلم انڈسٹری کے ناکام اداکاروں کے طور پر ہوتا ہے۔
انہیں بھارتی ٹی وی کے رئیلٹی شو بگ باس میں شرکت کرنے سے شہرت ملی تھی۔