ترسیلات زر، غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی ،کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں اضافہ ریکارڈ

وزارت خزانہ نے ملکی معیشت پر ماہانہ اپ ڈیٹ آوٹ لُک رپورٹ جاری کردی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ  رواں برس جولائی میں ترسیلات زر، نان ٹیکس آمدنی اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

وزارت خزانہ کی ماہانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ  رواں مالی سال جولائی میں ترسیلات زر میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 2.1 فیصد جب کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں 30.1 فیصد  کمی ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جولائی کے مہینے میں گزشتہ مالی سال کے اسی دورانیے کے مقابلے میں ملکی برآمدات میں 19.7 فیصد جب کہ درآمدات میں 51.7 فیصد کا اضافہ ہوا، جس کی وجہ سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رواں مالی سال کے پہلے ماہ میں پی ایس ڈی پی کی مد میں 133.7 ارب روپے منظور کئے گئے، مہنگائی کی سالانہ شرح 8.4 فیصد رہی، نان ٹیکس آمدنی میں 12.3 فیصد کمی ہوئی جب کہ ٹیکس ریونیو فیصد 42.5 فیصد اضافے سے 414ارب روپے رہا، بڑی صنعتوں کی شرح نمو جون 2021 میں 18.4 فیصد تک پہنچ گئی، ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر 27ارب 30 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے جب کہ ڈالر کی شرح تبادلہ165.21 روپے فی ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔