دین کی خاطر شوبز چھوڑنے والی اور انسٹاگرام سے اپنی تمام تر تصاویر ڈیلیٹ کرنے والی اداکارہ صنم چوہدری کیلئے مداحوں کے ساتھ ساتھ مختلف سلیبریٹیز کی جانب سے بھی دعائیہ پیغامات موصول ہورہی ہیں اور ان کے اس فیصلہ کو خوش آمدید کہا جا رہا ہے۔
اس حوالے سابقہ اداکارہ نور بخاری نےبھی صنم چوہدری کیلئے ایک پیغام شیئر کیا ہے۔ نور بخاری نے صنم چوہدری کے فیصلے کو سراہتے ہوئے لکھا کہ ’کامیابی کی جانب خوش آمدید۔‘ ساتھ ہی انہوں نے لال دل والے ایموجی کا بھی اضافہ کیا۔
اس سے قبل شوبز چھوڑنے والی اداکارہ سارہ چوہدری نے بھی صنم کیلئے جاری پیغام میں کہا تھا کہ اللہ آپ کو اس راہ پر چلنے کی استقامت دے۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹی وی انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ صنم چوہدری نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے اپنی تمام تصاویر ڈیلیٹ کردی ہیں۔
اداکارہ صنم چوہدری نے دین کی خاطر شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا ہے، انہوں نے ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے ʼمیرے خاندان نے اللّٰہ کی طرف پلٹنے پر میرا اس طریقے سے استقبال کیا ہے، یہ بہت پْرمسرت ہے، شکریہ۔‘صنم چوہدری کی اس پوسٹ کے بعد مداحوں کو یقین ہو چلا ہے کہ انہوں نے اداکاری چھوڑ دی ہے، مداح انہیں کمنٹس میں استقامت کی دعائیں دے رہے ہیں تاہم صنم چوہدری کی جانب سے اس حوالے سے کوئی واضح بیان سامنے نہیں آیا۔
صنم چوہدری نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کا بائیو بھی ʼاداکارہ‘ سے تبدیل کر کے ʼایک مسلمان ماں جو اسلام سیکھ رہی ہے‘ کر دیا ہے۔
انہوں نے کچھ روز قبل اسٹاگرام پر سورۃ الحزاب کی ایک آیات شیئر کی تھی اور لکھا تھا ʼقرآن پاک پڑھنے سے مجھے میرا جواب مل گیا، اور میں اللّٰہ کی طرف پلٹتی ہوں۔ اللّٰہ تیرا شکر!۔‘