اسلام آباد:اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے 50 ارب روپے سے زائد کی تکنیکی گرانٹ کی منظوری دے دی۔
ای سی سی کا اجلاس وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت ہوا جس میں وزارت صحت کو کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے 50 ارب سے زائد کی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔
فنڈز ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے فراہم کردہ 50 کروڑ ڈالر کی معاونت کا حصہ ہیں۔
خیال رہے قومی وزارت صحت نے ایشیائی ترقیاتی بینک سے ملنے والے قرض کے تحت کورونا ویکسین کی خریداری کے لیے حکومت سے 50 ارب 10 کروڑ روپے مانگے تھے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 6 اگست کو معاہدے پر دستخط ہوئے تھے جس کے تحت اے ڈی بی نے پاکستان کو کورونا ویکسین کی خریداری کے لیے 50 کروڑ ڈالرکا قرض دینے کی منظوری دی تھی۔
ذرائع کے مطابق کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے قرض کی منظوری کی سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھی بھیجی گئی تھی۔
سمری میں بتایا گیا تھا کہ پہلے مرحلے میں ویکسین کی خریداری کے لیے 30 کروڑ ڈالر خرچ کیے جائیں گے جس کے تحت وزارت صحت اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) ویکسین کی خریداری کریں گے جبکہ رقم تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کے تحت فراہم کی جائے گی۔
دوسری جانب وزیرخزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت اجلاس میں روز ویلٹ ہوٹل نیویارک کے مالی مسائل حل کرنے کے لیے بھی ایک کروڑ ڈالرکی گرانٹ منظورکی گئی۔
اجلاس میں کنٹونمنٹ بورڈز میں انتخابات کے لیے 21 کروڑ 50 لاکھ روپے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی، فنڈز الیکشن کمیشن کو تکنیکی ضمنی گرانٹ کے طور پر فراہم کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ 42 کنٹونمنٹ بورڈز میں لوکل باڈیز انتخابات 12 ستمبرکو ہوں گے۔