ممبئی: بھارتی ٹی وی کے معروف اداکار اور بگ باس 13 کے فاتح سدھارتھ شکلا دل کے دورے کے باعث چل بسے ان کی عمر صرف 40 برس تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں کوپر ہسپتال کی انتظامیہ نے اداکار سدھارتھ کی موت کی خبر کی تصدیق کی ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق سدھارتھ شکلا نے سونے سے قبل کچھ دوائیں کھائی تھیں اور اس کے بعد وہ جاگے ہی نہیں نے تصدیق کی کہ سدھارتھ شکلا کی موت ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ہوئی ہے۔
اداکار کی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جارہا ہے۔ جس کے بعد ان کی لاش گھر والوں کے حوالے کردی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھارتھ شکلا کو آج صبح دل کا دورہ پڑا اور وہ جانبر نہ ہوسکے۔
سدھارتھ شکلا کی اچانک موت کی خبر ان کے مداحوں پر بجلی بن کر گری ہے اور ان کے چاہنے والوں سمیت بھارتی فلم انڈسٹری کے فنکار بھی صدمے میں ہیں۔
واضح رہے کہ سدھارتھ شکلا بھارتی ٹی وی کے مقبول ترین ڈرامے ”بالیکا ودھو“، ”دل سے دل تک“ رئیلیٹی شو ”بگ باس“، ”خطروں کے کھلاڑی“ اور ”جھلک دکھلا جا 6“ میں نظر آئے تھے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کرن جوہر کی فلم ”ہمپٹی شرما کی دلہنیا“ میں بھی کام کیا تھا۔
بگ باس 13 جیتنے کے بعد سدھارتھ شکلا کو بے حد مقبولیت ملی تھی اور ان کا شمار بھارتی ٹی وی کے مقبول ترین اداکاروں میں ہوتا تھا۔