اسلام آباد: اسلام آبادکے مقامی پارک میں 14 اگست کو کینیا کی خاتون ڈپٹی ہائی کمشنرکے ساتھ بدسلوکی کا انکشاف ہوا ہے۔
ڈرائیور اور ایک ساتھی کی موجودگی میں خاتون کے بال نوچے گئے اور ہاتھا پائی کی گئی۔
سینیٹر ولید اقبال کی زیر صدارت سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں 14 اگست کو مینار پاکستان پر خاتون ٹک ٹاکر کے ساتھ بدسلوکی کیس پر پیش رفت اور ملک میں اس طرح کے بڑھتے واقعات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد حسین سید نے انکشاف کیا گزشتہ دنوں کینیا کی ڈپٹی ہائی کمشنر نے انہیں بتایا کہ 14 اگست کو لیک ویو پارک اسلام آباد میں ان کے ساتھ بھی بدسلوکی کی گئی تھی۔
مشاہد حسین سید کے مطابق کینیاکی ڈپٹی ہائی کمشنرنے انہیں بتایا کہ ان کے ساتھ ڈرائیور اور ایک ساتھی بھی تھا، اس کے باوجود لوگوں نے ان کے بال نوچے اور ہاتھا پائی کی۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے، اس کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، ایک ماحول بنتاجارہا ہے اور اب غیرملکی سفارت کار بھی اس کا شکار ہو رہے ہیں، ہم سیاحت کے فروغ کی بات کرتے ہیں ان حالات میں کون یہاں آئیگا۔