پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے اداکارہ اقراء عزیز کی حالیہ ڈائپر بدلنے والی پوسٹ پر تبصرہ کیا ہے،جسے صارفین کی جانب سے کافی سراہا جارہا ہے ۔
شرمیلا فاروقی نے ان خصوصیات کو ہر اچھے باپ کی پہچان بتاتے ہوئے کہا کہ اس میں فخرکرنے والی کوئی بات نہیں۔شرمیلا نے لکھا کہ ’مجھے خوشی ہے کہ آپ کا شوہر کام کررہا ہے لیکن اس میں فخر کرنے کی یا کوئی خاص بات نہیں۔ ‘
اپنے کمنٹ میں شرمیلا فاروقی نے واضح کیا کہ تمام اچھے باپ اپنے بچوں کیلئے ایسا کرتے ہیں۔
رہنما پی پی نے کہا کہ میرے شوہر بیٹے کو نہلاتے، ڈائپر تبدیل کرتے اور فیڈر پلاتے ہیں، اگر میری طبیعت ٹھیک نہ ہو تو ہمارے بیٹے کو اس کے پری اسکول چھوڑنے جاتے ہیں اور انہیں ایسا کرنا بہت پسند ہے۔
اس کمنٹ کے بعد شرمیلا فاروقی نے مزید انسٹاگرام اسٹوریز میں اپنے مؤقف کی تفصیل بھی بیان کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اقرا عزیز نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر یاسر حسین کی تصویر شیئر کی تھی جس میں وہ اپنے بیٹے کے کپڑے تبدیل کرتے ہوئے باپ ہونے کا فرض ادا کر رہے ہیں۔
اقرا عزیز نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ ’کام پر جانے سے پہلے پیمپر اور کپڑے تبدیل کرنے کا سیشن۔‘
اداکارہ نے لکھا کہ ’یاسر نے پہلی بار کبیر کے کپڑے تبدیل کیے ہیں اور مجھے یہ دیکھ کر ان پر فخر محسوس ہورہا ہے۔‘
واضح رہے کہ رواں برس ماہِ جولائی میں انسٹاگرام پر یاسر حسین نے اپنے بیٹے کے ہاتھ تصویر شیئر کی تھی اور بتایا تھا کہ ان کے ہاں بیٹے کی ولادت ہوئی ہے، جوڑے نے اپنے بیٹے کا نام کبیر حسین رکھا ہے۔