بالی وڈ کی معروف اداکارہ کترینہ کیف نے ترکی کے معروف اور شہرہ آفاق ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی کے حوالے سے اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔
کترینہ کیف ان دنوں سلمان خان کے ہمراہ فلم ٹائیگر 3کی شوٹنگ کے لیے ترکی میں موجود ہیں جہاں بالی وڈ کی مقبول شخصیات نے ترکی کے وزیر سیاحت و ثقافت مہمت نوری اسرائے سے ملاقات کی۔
تاہم اب سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر کترینہ کیف کی سلمان خان اور ترکی کے وزیر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگوکی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، ویڈیو میں کترینہ کو صحافی کے سوال کا جواب دیتے سنا جاسکتا ہے کہ ارطغرل میری پسندیدہ سیریز ہے، میں نے ارطغرل کی 85 اقساط دیکھی ہیں۔
کترینہ کی گفتگو کے دوران سلمان خان نے کترینہ کی ارطغرل ڈرامہ سیریل کے حوالے سے پسندیدگی کا اعتراف کیا اور کہا کہ کترینہ ترک اداکاروں کو بھی پسند کرتی ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس اسلامی فتوحات پر مبنی عالمی شہرت یافتہ تُرک ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوچکاہے۔
ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی کا دنیا کی 39 مختلف زبانوں میں ترجمہ کیا جا چکا ہے جو ایک ریکارڈ ہے جبکہ دنیا کے دیگر ملکوں کی طرح پاکستان میں بھی اس ڈرامے کے خوب چرچے ہیں۔