اے آئی جی موٹروے سجاد افضل آفریدی فائرنگ سے زخمی، بھائی جاں بحق

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) موٹروے کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں بھائی جاں بحق ہوگیا جبکہ اے آئی جی سجاد افضل آفریدی فائرنگ سے زخمی ہوگئے۔

ترجمان کے مطابق ایڈیشنل آئی جی موٹروے سجاد افضل آفریدی کی گاڑی پر فائرنگ فتح جنگ انٹر چینج پر کی گئی۔

ترجمان نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں ایڈیشنل آئی جی کے بھائی نعمان افضل جاں بحق ہوگئے جبکہ واقعے میں اے آئی جی موٹروے زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ترجمان کے مطابق سینیئر پولیس افسران موقع پرپہنچ گئے ہیں اور واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق سجاد افضل آفریدی ایم ون پر مشکوک گاڑی کا پیچھا کررہے تھے اور انہیں دو گولیاں لگیں۔

ترجمان موٹروے پولیس نے بتایا کہ سجاد افضل آفریدی کو پمز اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ترجمان کا کہنا تھاکہ ایڈیشنل آئی جی کے چھوٹے بھائی نعمان جاں بحق ہوگئے اور پی اے ایس افسر تھے۔