عمر شریف کے علاج کیلئے وفاق نے بورڈ تشکیل دیدیا

وفاقی حکومت نے معروف اداکار عمر شریف کے علاج سے متعلق میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا ہے جو کہ اداکار کو بیرون ملک بھجوانے کے حوالے سے فیصلہ کرے گا۔

کراچی میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے نجی ہسپتال میں عمر شریف کی عیادت کی۔

بعد ازاں میڈیا سےگفتگو میں گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ عمر شریف سے ملاقات کی ہے، آج ان کا ڈائلیسز بھی ہوا ہے.

 عمر شریف نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی تھی، وزیراعظم نے وفاقی وزیر صحت کو ہدایت کی ہےکہ عمر شریف کے کیس کی جانچ کریں اور دیکھیں کہ عمر شریف کی کیسے مدد کی جاسکتی ہے۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر فیصل اور ڈاکٹر یاور پر مشتمل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے، ڈاکٹرز کے بورڈ کے فیصلے کی روشنی میں کیےگئے فیصلے پر عمل درآمد کیا جائےگا،ائیر ایمبولینس چاہیے یابزنس کلاس چاہیے، جو بورڈ کا فیصلہ ہوگا، اسے پرعمل ہوگا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر آج عمر شریف کی عیادت کے لیے پہنچے ہیں، وزارت صحت مشاورت کے بعد لائحہ عمل بنائےگی اور  حکومت  اس کو مکمل سپورٹ کرے گی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز کے بورڈ فیصلہ کریں گے، پاکستان میں دل کا علاج ممکن ہے لیکن فیصلہ ڈاکٹرز کو کرنا ہے، علاج کا فیصلہ ڈاکٹر ز کو کرنے دیں ۔