پیرس:فرانسیسی وزیر خارجہ جین یویس لی ڈریان نے قطر روانگی سے قبل کہا ہے کہ طالبان جھوٹ بول رہے ہیں اور فرانس کا ان کی نئی حکومت سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔
افغانستان سے مزید لوگوں کو واپس لانے کے لیے قطر میں مذاکرات ہونے ہیں اور فرانس اس میں حصہ لے رہا ہے۔
فرانسیسی وزیر خارجہ نے فرانس ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ طالبان نے کہا کہ وہ کچھ غیر ملکیوں اور افغانیوں کو اپنی مرضی سے ملک چھوڑنے دیں گے اور یہ بھی کہا کہ وہ ایک جامع حکومت بنائیں گے۔ لیکن وہ جھوٹ بول رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ فرانس اس حکومت کو تسلیم نہیں کرے گا اور اس کا طالبان حکومت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہوگا۔
ہم طالبان سے اقدامات چاہتے ہیں۔ انھیں کچھ مالی مدد اور بین الاقوامی تعلقات کی ضرورت ہوگی۔ لیکن یہ ان کے اقدامات پر منحصر ہے۔
دوحہ روانگی سے قبل انھوں نے کہا کہ اب بھی کچھ فرانسیسی شہری اور فرانس سے منسلک رہنے والے چند سو افغانی افغانستان میں موجود ہیں۔