نائن الیون کو 20سال مکمل ہونے پر ایمن الظواہری کا نیا ویڈیو پیغام جاری

واشنگٹن: امریکا میں ٹریڈ سینٹر اور پینٹاگون کی عمارتوں سے طیارے ٹکرانے کے واقعے کے 20 سال مکمل ہونے پر القاعدہ کے رہنما ایمن الظواہری نے ویڈیو پیغام میں اپنے حامیوں کو کہا ہے کہ مغربی ممالک اور مشرق وسطیٰ میں اتحادیوں کے خلاف جنگ کریں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا پر نائن الیون حملوں کے 20 سال مکمل ہونے پر سوشل میڈیا القاعدہ کے رہنما ایمن الظواہری کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔

 

60 منٹ پر مشتمل ویڈیو میں القاعدہ رہنما  نے اپنے حامیو‌ں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی ممالک اور مشرق وسطیٰ میں ان کے اتحادیوں کے خلاف بھرپور جنگ کریں۔ القاعدہ رہنما ایمن الظواہری نے طاغوتی قوتوں کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

یہ ویڈیو کب کی ہے اور کہاں عکس بندی ہوئی اس کے حوالے سے تاحال کچھ نہیں معلوم ہے تاہم امریکا کی ایک خفیہ ایجنسی اس قسم کی ویڈیو کی جانچ پڑتال کے لیے مشہور ہے جو ابھی اس ویڈیو پر کام کررہی ہے۔

القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی امریکی حملے میں ہلاکت کے بعد سے ایمن الظواہری تنظیم کے سربراہ ہیں اور گزشتہ برس کے آخر میں ایمن الظواہری کی ہلاکت کی بھی خبریں زیر گردش ہیں تاہم نہ تو اس کی تصدیق ہوسکی ہے اور نہ ہی تردید کی گئی ہے۔