نئی افغان حکومت کے قیام کے بعد کابل کیلئے پی آئی اے کی پہلی پرواز

افغانستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد پہلی پرواز سے پی ائی اے کا عملہ بین الاقوامی صحافیوں کو کابل لے کرگیا اور عالمی بنک اور بین الاقوامی خبر رساں اداروں کی ٹیم کو واپس لے کر آیا ہے۔

افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان اور  دیگر سفارتی عملے کی کوششوں سے اس سلسلے کا آغاز ہوا۔ تربیت یافتہ ائیرپورٹ عملے نے ڈیوٹی جوائن کرکے پرواز ہینڈل کی۔ کابل ائیرپورٹ پر  پی آئی اے کا نام اور  پرواز نمبر آویزاں کیا گیا۔

پی ائی اے کا عملہ بین الاقوامی صحافیوں کو کابل لے کر گیا اور عالمی بینک اور بین الاقوامی خبر رساں اداروں کی ٹیم کو واپس لے کر آیا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق کابل میں نئی حکومت کے قیام کے بعد یہ پی آئی اے کی پہلی کمرشل بین الاقوامی مسافر پرواز  تھی، پرواز کا مقصد پاکستان اور افغانستان کے مابین خیر سگالی کو فروغ دینا اور انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر آپریشن کو مضبوط کرنا ہے۔

سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک  کا کہنا ہے کہ پی آئی اے اور  پوری دنیا کے لیے یہ آپریشن بہت اہم ہے، سب ہماری طرف دیکھ رہے ہیں کہ رابطے بحال کیے جائیں، امید ہے کہ ہم جلد مکمل طور پر آپریشن بحال کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔