نئی دہلی:طالبان کی کابینہ کے اعلان کے بعد حکومت نے غور و فکر کے بعد طالبان کے لیے کابل کی انتظامیہ جیسے الفاظ کا استعمال کیا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق بھارت نے پہلی بار اپنے ایک سرکاری بیان میں طالبان کو ریاستی ایکٹر کے طور پر تسلیم کرنے کا اشارہ کیا۔
آسٹریلیا کے ساتھ جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں بھارت نے طالبان سے متعلق کہا کہ گروپ پورے افغانستان میں اقتدار اور اختیار کے عہدوں پر فائز ہے۔
آسٹریلیا اور بھارت کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی بات چیت کے بعد جو مشترکہ بیان جاری کیا گیا اس میں کہا کہ دونوں ملکوں کے وزرا نے افغانستان کی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ جو لوگ اقتدار میں ہیں انہیں بیرونی ممالک کے افراد کے محفوظ انخلا کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ وزراء نے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قرارداد 2593 کے مطابق دہشت گردی کے انسداد کے وعدوں اور انسانی حقوق کی پاسداری کے لیے افغانستان میں اقتدار اور اختیارات کے عہدوں پر فائز لوگوں سے مطالبے کا اعادہ کیا گیا ہے۔